مولانا فضل الرحمن صاحب کا دفاع وطن و اسرائیل مردہ باد ملین مارچ حیدر آباد سے خطاب

جنابِ صدرِ محترم، اکابر علماءِ کرام، زعماءِ قوم، بزرگانِ ملت میرے دوستوں، میرے بھائیوں، سندھ دھرتی کے جوانوں آج کے حیدر آباد کے اس فقید المثال اجتماع کے انعقاد پر میں آپ تمام دوستوں کو، شرکاءِ اجتماع کو اور سندھ کی جمعیتِ علماء کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

میرے محترم دوستو! جمعیت علماءِ اسلام کے ان اجتماعات کا سلسلہ پورے ملک میں جاری ہے، ہم نے کراچی میں جلسہ کیا اور تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع تھا، ہم نے لاہور میں تاریخی اجتماع منعقد کیا، پشاور میں جلسہ کیا، کوئٹہ میں ملین مارچ کیا اور آج حیدر آباد میں تا حد نظر انسانوں کا یہ کہکشاں نظر آرہا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک پیغام ہے، دنیا کو پیغام ہے، انسانیت کو پیغام ہے کہ جہاں آج پوری دنیا میں بدامنی ہے ہر طرف جنگ کے شعلے بھڑک رہے ہیں، آسمان سے بارود برس رہا ہے، میرے مسلمان بھائی اس میں جھلس رہے ہیں اس دوران جمعیت علماء اسلام امن کے ساتھ کھڑی ہے، جمعیت علماء اسلام حق کے ساتھ کھڑی ہے، جمعیت علماء اسلام، اسلام کے لیے، دین اسلام کے لیے اور اس وطن عزیز کو ایک حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کے لیے میدان عمل میں ہے اور ہمارا پلڑا واضح ہے کہ ہم جنگ کے حامی نہیں ہیں ہم امن کے داعی ہیں۔

میرے محترم دوستو! یقیناً ہمارے سندھ کو، سندھ کے عوام اور یقیناً بدامنی سب سے بڑا مسئلہ ہے، اگر امن نہیں ہے تو معیشت نہیں ہے، اگر امن نہیں ہے تو کاروبار نہیں ہے، اگر امن نہیں ہے تو تعلیم نہیں ہے اور سب کچھ ہے تو اس امن میں ہے اور قیام امن کے لیے جمعیت کا ایک ایک کارکن آج میدان عمل میں ہے۔

میرے محترم دوستو! ہم نے سندھ میں بھی امن قائم کرنا ہے، سندھ کے با اثر شخصیات کو بلا کر ان سے رہنمائی لینی ہے، ہم نے عوام کی رائے پہلے بھی دکھائی آج بھی ہم عوام کی رائے دکھا رہے ہیں اور ان شاءاللہ 17 جولائی کو بھی کراچی میں عوام کی رائے حکمرانوں کے سامنے ہوگی کہ ہم اس ملک میں امن چاہتے ہیں۔

میرے محترم دوستو! جو لوگ اپنے آپ کو حکمران سمجھتے یہ حکمران نہیں ہے، دھاندلیوں سے کوئی حکمران نہیں بنتا، ورنہ میں کراچی کے حکمرانوں سے لے کر اسلام آباد کے حکمرانوں تک چیلنج کرتا ہوں پاکستان کے کسی شہر میں عوام کا اتنا بڑا اجتماع منعقد کرسکے جو جمعیت علماء اسلام منعقد کرتی ہیں۔ یہ علماء کی جماعت عوام کی تائید کے ساتھ چلتی ہے، مولوی بظاہر تو مسلف اور اکیلا نظر آتا ہے لیکن ایک بہت بڑی جماعت اس کے پیچھے اللہ کی عبادت میں مصروف ہوتی ہے، یہ علماء کی جماعت اس ملک کے اندر اللہ کے دین کے لیے امامت کا کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستان کے عوام اس امامت کو طاقت بخش رہے ہیں اور ان شاءاللہ یہ طاقت عوام کی غالب آئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں